امریکا و اسرائیل نے ایران کے پیٹروکیمیکل تنصیبات پر حملے کیے جس کے نتیجے میں 5 افراد شہید جبکہ 170 زخمی ہو گئے۔
امریکا نے ایران کا شاہ کار اسپورٹس اسٹیڈیم بھی تباہ کردیا ہےٗ اس اسٹیڈیم میں تاریخ ساز میچز ہوا کرتے تھے تاہم اب یہاں ہر طرف تباہی پھیل چکی ہے۔
دوسری جانب ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائیوں کی 95ویں لہر کے دوران خطے میں متعدد اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان کے مطابق حملوں میں جدید میزائل سسٹمز “حاج قاسم”، “خیبر شکن” اور “قدر” استعمال کیے گئے۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ بحرین میں تعینات امریکی پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جبکہ کویت میں موجود امریکی ہائی مارز راکٹ بیٹریاں بھی کارروائی میں تباہ کر دی گئیں۔
مزید بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات میں امریکی فوج کے ہائی مارز لانچر یونٹس، کمانڈ سینٹر اور تربیتی مرکز کو بھی ہدف بنایا گیا۔ اسی کے ساتھ یو اے ای میں امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اوریکل کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
خطے کو امریکا اور اسرائیل کیلئے جہنم بنا دیں، ٹرمپ کی دھمکی پر ایران کا جواب
بیان کے مطابق بحرین کی ایک بندرگاہ پر اسرائیلی کمرشل جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا، جو کسی تیسرے ملک کے جھنڈے تلے چل رہا تھا۔ علاوہ ازیں اسرائیلی زیر قبضہ علاقوں میں بھی متعدد مقامات پر ملٹی وارہیڈ میزائلوں سے حملے کیے گئے۔
پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں کی گئی ہیں اور ایران اپنے دفاع کے لیے آئندہ بھی ایسے اقدامات جاری رکھے گا۔
