محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں کل سے بارشوں اور گرج چمک کے نئے سلسلے کے آغاز کی پیشگوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں کیلئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں کل شام سے صوبے کے مغربی اضلاع میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں 6 سے 9 اپریل کے دوران پشاور، سوات، چترال اور دیگر اضلاع میں شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
گزشتہ رات کے زلزلے سے افغانستان میں 8 افراد جاں بحق، پشاور میں بھی نقصان
پنجاب کے بڑے شہروں لاہور، مری، راولپنڈی اور اسلام آباد میں 6 اپریل کی رات سے بارش اور ژالہ باری متوقع ہے جبکہ تیز ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں بھی 6 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب گلگت بلتستان اور کشمیر میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
