برطانوی دارالحکومت لندن میں سیکیورٹی کے حوالے سے ایک تشویشناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں میئر صادق خان کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار اسلحے سے بھرا بیگ سڑک پر ہی بھول گئے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بیگ جنوبی لندن میں میئر کی رہائش گاہ کے باہر ایک شہری کو ملا، جس نے فوری طور پر مشکوک بیگ کی اطلاع پولیس کو دی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور بیگ کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
نیدرلینڈز میں اسرائیل سینٹر پر دھماکہ، ڈچ پولیس کی دوڑیں لگ گئیں
واقعے کے بعد میٹروپولیٹن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 5 اہلکاروں کو فرنٹ لائن ڈیوٹی سے ہٹا دیا ہے جبکہ میٹ پولیس کے ڈائریکٹوریٹ آف پروفیشنل اسٹینڈرڈ نے اس معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
میئر لندن کے ترجمان نے واقعے کو انتہائی سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک بڑی غلطی ہے اور پولیس کو یقینی بنانا ہوگا کہ آئندہ ایسی کوتاہی دوبارہ نہ ہو۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر میئر صادق خان کو 2017 سے خصوصی پولیس سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، ایسے میں اس نوعیت کی غفلت نے حفاظتی انتظامات پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
