پیرو کے دارالحکومت لیما میں فٹبال ڈربی میچ سے قبل اسٹیڈیم میں پیش آنے والے واقعے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
واقعہ ایلے ہانڈرو ویلانیووا اسٹیڈیم میں پیش آیا جہاں مقامی کلب الیانزا لیما کا مقابلہ یونیورسیٹاریو سے ہونا تھا۔
کلب کی جانب سے جاری بیان میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور یکجہتی کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیڈیم میں جھنڈے لہرانے کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں تقریباً 60 افراد زخمی ہوئے۔
کلب انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ واقعے کی تحقیقات کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے اور حقائق سامنے لانے کے لیے شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ ابتدائی طور پر واقعے کی وجوہات واضح نہیں ہو سکیں۔
ادھر حکام نے اسٹیڈیم کے ڈھانچے میں کسی خرابی یا نقصان کی تردید کی ہے۔ فائر حکام کے مطابق ابتدائی معائنے میں نہ تو کوئی گڑھا پایا گیا اور نہ ہی کسی قسم کا ملبہ ملا۔
پیرو کی فٹبال لیگ نے اعلان کیا ہے کہ ہفتے کو شیڈول میچ معمول کے مطابق کھیلا جائے گا، جبکہ حکام نے آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
