کراچی کے تاجروں نے معیشت بچاؤ تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔
کراچی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف تاجروں کی مختلف تنظیموں کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت سے فوری ریلیف کا مطالبہ کیا ہے۔
ٹرانسپورٹ، الیکٹرونکس، فرنیچر اور ٹمبر سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں نے کہا کہ پیٹرول پر 80 روپے کمی ناکافی ہے، قیمتوں کو پرانی سطح پر واپس لایا جائے۔ انہوں نے حکومت سے ڈیزل کی قیمت میں بھی نمایاں کمی کا مطالبہ کیا۔
تاجروں نے “معیشت بچاؤ تحریک” شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیر کو دوپہر دو بجے برنس روڈ سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی جائے گی۔ احتجاج کے دوران اونٹ گاڑیوں، گھوڑا گاڑیوں اور گدھا گاڑیوں کے ذریعے علامتی مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
مختلف شہروں میں ایل پی جی کی قیمت میں بڑا اضافہ
پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ کراچی پورٹ پر تقریباً 8 ہزار کنٹینرز بیرون ملک روانگی کے منتظر ہیں جبکہ اندرون ملک سامان کی ترسیل بھی بڑھتے ہوئے کرایوں کے باعث متاثر ہو رہی ہے۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت مشکل معاشی حالات سے گزر رہا ہے اور تاجروں نے سب سے پہلے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے خود کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
