پاکستان کی سمندری دفاعی طاقت مزید بڑھ گئی، پاک بحریہ کے بیڑے میں جدید و منفرد ٹیکنالوجیز سے لیس دوسرے ملجم کلاس پی این ایس خیبر کا اضافہ ہو گیا۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ میں دوسرے ملجم کلاس کارویٹ پی این ایس خیبر کی شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایک مضبوط، متوازن اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحریہ کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب سے خطاب میں نیول چیف نے کہا کہ پاکستان کی اہم جغرافیائی حیثیت، جو عالمی تجارتی اور توانائی راہداریوں کے قریب واقع ہے، ایک مؤثر بحری قوت کی متقاضی ہے تاکہ قومی مفادات اور سمندری راستوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نےمعرکۂ حق کے دوران پاک بحریہ کی تیاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی بھارتی بحریہ کے طیارہ بردار جہاز کو نشانہ بنانے کی پوزیشن میں تھی، جس کے باعث بھارتی بحریہ کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس معرکے کے دوران بحری آپریشنز نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کے سمندری مفادات کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
نیول چیف نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کو جدید پلیٹ فارمز اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے، جس سے دشمن کے اہم اہداف اور بحری اثاثوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پی این ایس خیبر اور مستقبل میں آنیوالی ہنگور کلاس آبدوزیں دفاع کیلئے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گی، جس سے آپریشنل صلاحیت، جنگی طاقت اور اسٹریٹیجک رسائی میں اضافہ ہوگا۔
پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی سے متعلق جھوٹی خبروں کی تردید کر دی
خطاب کے اختتام پر ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس خیبر کے عملے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع اور قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
