نیدرلینڈز کے شہر نیویکرک میں قائم اسرائیل سینٹر میں دھماکہ ہوا ہے، جس کے بعد ڈچ پولیس کی دوڑیں لگ گئیں ہیں۔
ڈچ میڈیا کے مطابق دھماکہ جمعہ کی رات پیش آیا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دھماکے سے عمارت کو معمولی نقصان پہنچا جبکہ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور عینی شاہدین سے معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے، تاہم ابتدائی طور پر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
تنظیم کے مطابق یہ مرکز اسرائیل سے ہمدردی رکھنے والے افراد کے لیے ایک اجتماع گاہ ہے اور اس کا مقصد چرچ میں اسرائیل سے متعلق مذہبی فہم کو فروغ دینا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ماضی میں یہ مرکز فلسطین کے حامی گروپوں کی جانب سے احتجاج کا نشانہ بھی بنتا رہا ہے، جن کے دوران املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کا یورپ میں حالیہ حملوں یا ایران سے متعلق جاری کشیدگی سے تعلق ہے یا نہیں، اس بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
