پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی سے متعلق جھوٹی خبروں کی تردید کر دی۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے خطے میں جاری کشیدگی اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس کے حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ دفتر خارجہ نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر متعدد ایسی رپورٹس دیکھی ہیں جن میں نام نہاد سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے علاقائی تنازع اور پاکستان کی امن و مکالمے کی کوششوں سے متعلق بے بنیاد دعوے کیے گئے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ان جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کو قطعی طور پر مسترد کیا جاتا ہے، جنہیں مبینہ سرکاری ذرائع سے منسوب کیا گیا حالانکہ ان کی کوئی حقیقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث تشویش ہے کہ جمعہ کے روز وزارت خارجہ میں دی گئی بریفنگ کو غلط انداز میں پیش کیا گیا اور ایسے معاملات کا حوالہ دیا گیا جو نہ زیر بحث آئے اور نہ ہی ان کی طرف کوئی اشارہ کیا گیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مبینہ حکومتی ترجمان سے منسوب الزام تراشی پر مبنی رپورٹس کو بھی یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حساس علاقائی صورتحال میں سفارتکاری احتیاط اور ذمہ داری کا تقاضا کرتی ہے۔
ایران کی تل ابیب پر شدید حملوں کی دھمکی، خطے کے ممالک کو بھی خبردار کر دیا
انہوں نے تمام میڈیا پلیٹ فارمز سے اپیل کی کہ وہ رپورٹنگ میں ضروری احتیاط برتیں اور قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔ ترجمان کے مطابق درست اور بروقت معلومات کے لیے صرف سرکاری طور پر جاری کردہ بیانات اور میڈیا ریلیزز پر ہی انحصار کیا جانا چاہیے۔
