محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ مزید بارش کی توقع ہے۔ پشاور میں جاری بارشوں کے باعث درجہ حرارت کم ہو کر 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
چترال، دیر، سوات، کالام اور شانگلہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بونیر، کوہستان، مالاکنڈ، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بالاکوٹ، ہری پور، مردان اور نوشہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، صوابی اور چارسدہ میں اکثر مقامات پر بارش متوقع ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز چراٹ میں سب سے زیادہ 47 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ دیر میں 45، مالم جبہ میں 42 اور پشاور ایئرپورٹ پر 43 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اسی طرح باچا خان ایئرپورٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 28 جبکہ پاراچنار میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کالام میں 26، بنوں میں 22، چترال میں 19، کاکول میں 18 اور سیدو شریف میں 15 ملی میٹر بارش ہوئی۔
ژوب، قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ اور گرد و نواح میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت، کسانوں اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے سبسڈی کا اعلان
دوسری جانب لاہور میں 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج کسی بھی وقت بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے 4 اپریل تک ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
