پشاور: خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں ایس ایس سی سالانہ امتحانات 2026 کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کپتان (ر) ثناء اللہ خان کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ جس کے مطابق ضلع بھر میں مائیکرو فوٹو اسٹیٹ مواد، پاکٹ گائیڈز اور دیگر نقل میں استعمال ہونے والے مواد کی فروخت، خرید و فروخت، تقسیم اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام امتحانات کے دوران نقل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔ تاکہ امتحانی عمل کو شفاف اور منصفانہ بنایا جا سکے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مذاکرات کامیاب، خود ساختہ 60 فیصد اضافہ ختم
ضلعی انتظامیہ نے عوام، دکانداروں اور طلبا سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور شفاف امتحانی نظام کے قیام میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔
