متحدہ عرب امارات میں واقع الطویلہ ایلومینیم پلانٹ ایرانی حملوں کے باعث بند کردیا گیا ہے، جس کے بعد عالمی ایلومینیم سپلائی پر سنگین اثرات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اماراتی کمپنی “امارات گلوبل ایلومینیم” کے مطابق حالیہ حملوں نے ابوظبی میں واقع الطویلہ تنصیب کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں پلانٹ کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ متاثرہ پلانٹ کی مکمل بحالی میں کم از کم 12 ماہ لگ سکتے ہیں، جس سے پیداوار میں طویل مدتی خلل کا امکان ہے۔
پاکستان کا متحدہ عرب امارات کو 2 ارب ڈالر قرض واپس کرنے کا فیصلہ
حکام کے مطابق گزشتہ ماہ بھی اس تنصیب کو پہنچنے والے نقصان کی اطلاع دی گئی تھی تاہم حالیہ حملوں کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق الطویلہ پلانٹ عالمی ایلومینیم پیداوار کا ایک بڑا حصہ فراہم کرتا ہے، اس لیے اس کی بندش سے نہ صرف علاقائی بلکہ بین الاقوامی سپلائی چینز متاثر ہوں گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت کے نتیجے میں ایلومینیم کی قیمتوں میں اضافہ اور صنعتی شعبے میں خام مال کی قلت پیدا ہو سکتی ہے۔
