تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی جدید لڑاکا طیارہ ایف 35 مار گرایا ہے اور اس کے پائلٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فضائی حدود میں داخل ہونے والے امریکی طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔ جس کے بعد پائلٹ کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
امریکی افواج گزشتہ کئی گھنٹوں سے بلیک ہاک ہیلی کاپٹروں اور سی 130 ہرکولیس طیاروں کے ذریعے سرچ آپریشن کر رہی ہیں۔ تاہم تاحال پائلٹ کی بازیابی ممکن نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب امریکی حکام نے ایران میں لڑاکا طیارہ مار گرائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عملے کی تلاش جاری ہے۔
ادھر ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جاری جنگ 35ویں دن میں داخل ہو چکی ہے۔ اور حملوں کا دائرہ دارالحکومت تہران اور اس کے اطراف تک پھیل گیا ہے۔ حالیہ حملوں میں ایران کے طبی تحقیقاتی اداروں، صنعتی تنصیبات اور ایک اہم پل کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آبنائے ہرمز کو کھول کر تیل پر قبضہ کر سکتے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ مذکورہ پل فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔ جبکہ ایران نے اسے شہری انفراسٹرکچر قرار دیتے ہوئے حملے کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کہا ہے۔
