اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اور پورے خطے میں توانائی سے متعلق ایمرجنسی جیسی صورتحال ہے، تاہم پاکستان میں ایندھن کی کوئی کمی نہیں۔
وزیر اعظم کے مشیر اختیار ولی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے مشکل حالات کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔ جن میں پیٹرولیم مصنوعات پر ایک ماہ کے لیے 129 ارب روپے کی سبسڈی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسلام آباد میں ایک ماہ کے لیے ٹرانسپورٹ کو مفت کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ جبکہ ریلوے کرایوں اور ٹول ٹیکس میں اضافے کو بھی روک دیا گیا ہے تاکہ عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔
اختیار ولی خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت غریب طبقے کو سہارا دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اور عوامی مشکلات کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیپرا نے سولر نیٹ میٹرنگ ضوابط میں ترمیم کر دی، پرانے صارفین کو ریلیف برقرار
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سابق وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے خزانہ خالی کر دیا۔ جبکہ تحریک انصاف کے پاس منفی سیاست کے سوا کوئی مؤثر ایجنڈا نہیں۔ پاکستان کے عوام باشعور ہیں اور موجودہ صورتحال کو بخوبی سمجھتے ہیں. جبکہ حکومت ملک کو معاشی استحکام کی طرف لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔
