اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سولر نیٹ میٹرنگ کے ضوابط میں ترمیم کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جس کے تحت پہلے سے موجود صارفین کے معاہدے اور لائسنس اپنی مقررہ مدت تک برقرار رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق موجودہ سولر صارفین کی بلنگ سابقہ معاہدوں کے تحت ہی کی جائے گی۔ تاہم اگر کوئی صارف اپنے سولر سسٹم کی استعداد میں اضافہ یا کسی قسم کی تبدیلی کرتا ہے تو اس پر پرانے نرخ لاگو نہیں ہوں گے۔
نیپرا کے مطابق یہ ترمیم 9 فروری 2026 سے مؤثر ہوگی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اتھارٹی نے نیٹ میٹرنگ کے روایتی “یونٹ کے بدلے یونٹ” نظام کو ختم کر کے نیٹ بلنگ کا نیا طریقہ متعارف کروایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت، کسانوں اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے سبسڈی کا اعلان
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر پاور ڈویژن نے نیپرا کو ہدایت دی تھی کہ پرانے سولر صارفین کے مفادات کا تحفظ کیا جائے تاکہ انہیں کسی قسم کا مالی نقصان نہ ہو۔
