لاہور: پنجاب میں شہری صفائی کو بہتر بنانے کے لیے گائے اور بھینسوں کے گوبر پر ماہانہ فیس عائد کرنے کی تیاری مکمل کر لی۔ جس کا آغاز پائلٹ منصوبے کے طور پر لاہور سے کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ستھرا پنجاب اتھارٹی رواں ماہ بھینسوں کے گوبر پر ٹیکس کے منصوبے کا آغاز کرے گی۔ جس کا پہلا مرحلہ لاہور کی گوالا کالونی سے شروع ہو گا۔ اس سلسلے میں کالونی میں موجود مویشی باڑوں کا مکمل سروے بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت بھینسوں کے مالکان سے ہر ماہ 30 سے 60 روپے فی بھینس فیس وصول کی جائے گی۔ جس کے بدلے میں باڑوں سے جمع ہونے والے گوبر کی صفائی اور نکاسی کے انتظامات کیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہری علاقوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانا اور گوبر کو ماحول دوست طریقے سے ٹھکانے لگانا ہے۔ تاکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق پائلٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد اسے صوبے کے دیگر شہروں تک بھی توسیع دی جا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے کشیدگی بڑھا رہا ہے، خواجہ آصف
وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ گوالا کالونیوں کے گوبر کو بروئے کار لانے کے لیے بائیوگیس پلانٹ لگائیں گے۔ اور گوالوں نے فی مویشی فیس ادا کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔
