کراچی: شہر قائد میں بارش کے دوران مختلف حادثات اور واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی۔ جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق پرانا گولیمار میں رکشے پر دیوار گرنے سے 40 سالہ ارشاد موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ ایم اے جناح روڈ کے سیون ڈے اسٹاپ کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ پی آئی بی کالونی میں کرنٹ لگنے سے 30 سالہ عبدالولی جان کی بازی ہار گیا۔
سرجانی سیکٹر 7 اے میں کرنٹ لگنے سے 12 سالہ دعا جاں بحق ہو گئی۔ اسی طرح سپرہائی وے احسن آباد میں مدرسے میں کرنٹ لگنے سے 35 سالہ شہاب الدین اور سرجانی حسن بروہی گوٹھ میں کرنٹ لگنے سے سرتاج بھی جان کی بازی ہار گیا۔
اورنگی ٹاؤن کے اجتماع گاہ روڈ کے قریب ایک گھر کی دیوار گرنے سے تین بچے زخمی ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں گلیشیائی جھیل پھٹنے کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا ہنگامی الرٹ
ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران خطرناک علاقوں سے دور رہیں اور بجلی کے کھمبوں اور کمزور ڈھانچوں کے قریب نہ جائیں۔
