پشاور میں پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیل پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
2 اپریل سے 8 اپریل تک متوقع بارش اور برفباری کے باعث وادی کمراٹ اور وادی کندیا میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ اسی طرح چترال کے علاقوں ریشون، بونی، ارکاری اور مدکلاشٹ میں بھی سیلاب کا امکان موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ مسلسل بارش اور برف کے پگھلنے کے عمل سے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
کراچی سمیت سندھ میں آندھی اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی، الرٹ جاری
گلیشیائی جھیل پھٹنے کی صورت میں نشیبی علاقوں میں شدید خطرہ پیدا ہو سکتا ہے، لہذا مقامی آبادیوں کو ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید برآں، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے، جس سے نقل و حمل اور رہائشی علاقوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، دریائے چترال اور دریائے سوات میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں، مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور خطرے کے علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں تاکہ انسانی جانوں اور املاک کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
