اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی اندرونی کمزوریوں سے توجہ ہٹانے کے لیے بیرونی محاذ کھول رہا ہے۔ پاکستان اپنی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پہلگام واقعے پر عالمی سطح پر بھارت کا بیانیہ ناکام ہو چکا ہے۔ جبکہ اس کی اشتعال انگیز بیان بازی اس کی اسٹریٹجک بے چینی کو ظاہر کرتی ہے۔
خواجہ آصف نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو مخاطب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان کسی بھی قسم کی جنگ تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ غلط اندازوں کے نتائج ہمیشہ سنگین ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “معرکہ حق” آج بھی قوم کی یادوں میں تازہ ہے۔ اور پاکستان اپنی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ کسی بھی جارحیت کا جواب پاکستان کی جانب سے فوری، متوازن اور فیصلہ کن ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران جنگ سے پیش آنیوالی مشکل صورتحال پاکستان بڑی کامیابی سے حل کر رہا ہے، وزیر اعظم
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان امن اور علاقائی استحکام کے لیے پرعزم ہے۔ تاہم اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ بھارت ماضی کی طرح ایک بار پھر جھوٹے الزامات کے ذریعے کشیدگی بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
