جرمن وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین اور جرمنی نے آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمد و رفت کو بحال رکھنے اور سمندری راستوں کو محفوظ بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
بیان کے مطابق دونوں ممالک نے اس امر پر زوردیا کہ عالمی تجارت کے لیے اہم سمندری گزرگاہوں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ قابل قبول نہیں۔
جرمن وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ انفرادی ریاستوں کو بین الاقوامی سمندری راستوں پر کنٹرول قائم نہیں کرنا چاہیے اور نہ ہی وہاں سے گزرنے والے جہازوں پر ٹول ٹیکس عائد کیا جانا چاہیے، کیونکہ اس سے عالمی تجارت متاثر ہوتی ہے۔
یو اے ای وزیرِ کا آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے ایران کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
بیان میں مزید کہا گیا کہ موجودہ صورتحال میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں انتہائی ضروری ہیں۔
جرمنی کے مطابق چین اس معاملے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور وہ ایران پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا پرامن حل نکالنے میں مدد دے سکتا ہے۔
جرمن حکام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی برادری کو مل کر ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جو خطے میں استحکام کو فروغ دیں اور توانائی کی ترسیل کو بلا تعطل جاری رکھیں۔
