متحدہ عرب امارات کے وزیرِ پیٹرولیم سلطان احمد الجابر نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے لیے ایران کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں۔
اپنے ایک اہم بیان میں انہوں نے کہا کہ اس اہم گزرگاہ میں ایرانی مداخلت ناقابلِ قبول ہے اور یہ عالمی معیشت پر براہِ راست دباؤ ڈالنے کے مترادف ہے۔
سلطان احمد الجابر کے مطابق آبنائے ہرمزعالمی سطح پر تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے نہایت اہم راستہ ہے، جہاں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کی توانائی کی سپلائی چین کو متاثر کر سکتی ہے۔
آٹھ مسلم ممالک کے وزرائےخارجہ کا فلسطینی قیدیوں کے خلاف اسرائیلی قانون پر سخت ردعمل
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ گزرگاہ بند ہوتی ہے تو اس کے عالمی معیشت پرانتہائی سنگین اثرات مرتب ہوں گے، جس سے توانائی کی قیمتوں میں اضافہ اور تجارتی سرگرمیوں میں شدید خلل پیدا ہو سکتا ہے۔
اماراتی وزیر نے کہا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کو فوری اور مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی امن اور خطے کے استحکام کے لیے ضروری ہے کہ ایران کے خلاف مناسب سفارتی اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے۔
واضح رہے کہ سلطان احمد الجابر ابوظبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) کے سربراہ بھی ہیں اور توانائی کے عالمی شعبے میں ایک بااثر شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں، جن کے بیانات کو بین الاقوامی سطح پر خاص اہمیت دی جاتی ہے۔
