اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں 4 اپریل تک بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں موسم کی صورتحال میں نمایاں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جہاں مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے اور 4 اپریل تک ملک کے مختلف حصوں میں برقرار رہنے کی توقع ہے۔
کراچی کےمختلف علاقوں آئی آئی چندریگر روڈ ، گلستان جوہر، صدر ، شارع فیصل، کیماڑی ، لیاقت آباد، ناظم آباد ،فیڈرل بی ایریا اور دیگر علاقوں میں بارش ہوئی، بارش کا سلسلہ مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے، شہر کا مطلع زیادہ تر ابرآلود رہے گا۔
پی ڈی ایم اے نے صورتحال کے پیش نظر تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ضروری حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے جبکہ تیز ہوائیں اور ژالہ باری کھڑی فصلوں کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہیں۔ کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موجودہ موسمی حالات کے مطابق اپنی فصلوں کی حفاظت کے اقدامات کریں۔
دوسری جانب لاہور میں بھی محکمہ موسمیات نے 4 اپریل تک بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
پاک افغان سرحد سے خاردار تاریں ہٹانے کی خبریں بے بنیاد ہیں، وزارت اطلاعات
اسلام آباد میں مطلع آج جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، شام اور رات کے اوقات میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
کے پی کے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے بلند پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
