پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق آئندہ چند روز میں نئی قیمتوں کا اعلان متوقع ہے، وفاقی حکومت نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت پیٹرول کی قیمت میں درآمدی لاگت کے مقابلے میں تقریباً 100 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 200 روپے فی لیٹر سے زائد کا فرق موجود ہے جسے ایڈجسٹ کرنے کے لیے قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
ممکنہ اضافے کی صورت میں عوام کو مہنگائی کے مزید دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ نئی قیمتوں کا اطلاق سرکاری اعلان کے بعد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کی وجہ سے پاکستان میں ایک ماہ کے دوران مٹی کے تیل کی قیمت میں 252 روپے 87 پیسے فی لیٹر بڑھ گئی ہے۔
ایک ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ
ایک ماہ کے دوران پیٹرول 63 روپے فی لیٹر مہنگا ہوا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 60 روپے 16 پیسے فی لیٹر بڑھی ہے۔ 28 فروری 2026 کو پیٹرول کے فی لیٹر نرخ 258 روپے 17 پیسے تھے۔
پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 321 روپے 17 پیسے تک پہنچ چکی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کے نرخ 28 فروری تک 275 روپے 70 پیسے تھے اس وقت فی لیٹر قیمت 335 روپے 86 پیسے تک پہنچ چکی ہے۔
