اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مشکل عالمی حالات کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم سپلائی کی صورتحال مستحکم ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا جائزہ اجلاس ہوا۔ جس میں ملک میں موجود پٹرولیم ذخائر اور سپلائی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی مستحکم ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیزل کے ذخائر 24 دن جبکہ خام تیل کے ذخائر 11 دن کے لیے موجود ہیں۔ اور پٹرول کی دستیابی بھی تسلی بخش قرار دی گئی۔
کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ خام تیل کے مزید کارگو جہاز پاکستان کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ جبکہ اپریل کے مہینے کے لیے پٹرولیم درآمدات کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔ جس کے باعث آئندہ ماہ بھی سپلائی میں کسی قسم کی کمی کا خدشہ نہیں۔
وزیر خزانہ نے ہدایت دی کہ ذخیرہ اندوزی روکنے اور سپلائی چین کو مؤثر رکھنے کے لیے سخت نگرانی کی جائے تاکہ مصنوعی قلت پیدا نہ ہو سکے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت قومی سطح پر اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر قائم کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ تاکہ مستقبل میں عالمی بحران یا ہنگامی حالات کے دوران ملک کی توانائی ضروریات کو محفوظ بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں بھونچال ، تیل کی قیمتیں 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کا خدشہ
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ مشکل عالمی حالات کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم سپلائی کی صورتحال مستحکم ہے۔ اور حکومت اس تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔
