آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر کے ہزاروں پیٹرول پمپس بند کرنے کی دھمکی دے دی، جس سے ممکنہ فیول بحران کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے مطابق وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک سے فوری ملاقات کے لیے دوبارہ مراسلہ بھیجا گیا ہے، تاہم اس سے قبل 6 مارچ کو بھی بھیجے گئے خط کا کوئی جواب نہیں ملا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم سیکٹر کو آپریشنل، مالی اور پالیسی سطح پر شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ اچانک پالیسی تبدیلیاں صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہیں۔ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پالیسی سازی میں اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرے۔

اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں 14 سے 15 ہزار پیٹرول پمپ مالکان مسائل سے دوچار ہیں اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ملک گیر سطح پر پمپس بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔
ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ ایسی کسی بھی بندش کی صورت میں شدید فیول بحران پیدا ہو سکتا ہے، جس کی ذمہ داری وزارتِ پیٹرولیم پر عائد ہوگی۔
