قومی ایئرلائن پی آئی اے نے 6 سال کے وقفے کے بعد برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے لیے براہ راست فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے پاکستان اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے لندن کے لیے پہلی پرواز 29 مارچ کو روانہ ہوگی، جبکہ لاہور سے پروازوں کا آغاز 30 مارچ سے کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد سے ہفتہ وار تین اور لاہور سے ایک پرواز آپریٹ کی جائے گی۔
ایئرلائن کے مطابق لندن کے لیے تمام پروازیں بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے چلائی جائیں گی اور ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 4 پر لینڈ کریں گی۔ چھ سال کے تعطل کے بعد اس روٹ کی بحالی کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ لندن روٹ کے ساتھ پی آئی اے کا 70 سال سے زائد پرانا تعلق ہے اور یہ اس کے ابتدائی بین الاقوامی روٹس میں شامل رہا ہے۔
ان پروازوں کے آغاز کے بعد برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی مجموعی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد بڑھ کر سات ہو جائے گی، جبکہ مستقبل میں اس روٹ پر پروازوں میں مزید اضافہ بھی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 2020 میں پابندی سے قبل پی آئی اے پاکستان سے لندن کے لیے ہفتہ وار 10 پروازیں آپریٹ کر رہی تھی۔
