حکومت نے صنعتی صارفین کیلئے بجلی کے مؤثر استعمال کےحوالے سے اہم قدم اٹھا لیا۔
پاور ڈویژن نے صنعتی صارفین کے لیے بجلی کے مؤثر استعمال کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے نیا اختیاری ملٹی ٹیرف نظام متعارف کرانے پر غور شروع کر دیا ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق اس نظام کے تحت صنعتی صارفین کو ٹائم آف یوز کے اصول پر مختلف اوقات میں مختلف نرخوں پر بجلی استعمال کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ فکسڈ چارجز زیادہ سے زیادہ طلب کی بنیاد پر مقرر کیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے صنعتوں کو آف پیک اوقات میں بجلی استعمال کرنے کی ترغیب دی جائے گی، جس سے پیک اوقات میں بجلی کی طلب کم ہو گی اور مجموعی نظام پر دباؤ میں کمی آئے گی۔
پاور ڈویژن کے مطابق سستی بجلی کی دستیابی سے صنعتی پیداوار میں اضافہ اور عالمی مارکیٹ میں مسابقت بہتر ہونے کی توقع ہے۔ اس سلسلے میں مجوزہ ٹیرف پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں صنعتی صارفین اور چیمبرز آف کامرس سے رائے لی جائے گی۔
ممکنہ جنگ بندی ، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گر گئیں
ترجمان کے مطابق ملٹی ٹیرف ٹائم آف یوز کے حوالے سے پہلی آن لائن مشاورتی کانفرنس 26 مارچ کو منعقد ہوگی جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات سے ملک میں طویل مدتی معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔
