پاکستان انجینئرنگ کونسل نے پاکستانی انجینئرز کے لیے عالمی فری لانس پروگرام شروع کر دیا۔
پاکستان انجینئرنگ کونسل نے پاکستانی انجینئرز کے لیے ایک بڑے اقدام کا اعلان کرتے ہوئے 5 ہزار انجینئرز کو فری لانسنگ میں تربیت دینے کا پروگرام شروع کر دیا ہے۔
گلوبل انجینئرنگ فری لانس انیشی ایٹو کے تحت انجینئرز کو آن لائن تربیت فراہم کی جائے گی، جس میں انہیں بین الاقوامی فری لانس پلیٹ فارمز پر کام کرنے کے طریقے سکھائے جائیں گے۔ پروگرام کے دوران شرکاء کو مضبوط پورٹ فولیو بنانے اور اپنا پہلا فری لانس پروجیکٹ حاصل کرنے کے لیے عملی رہنمائی بھی دی جائے گی۔
چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ انجینئرنگ کا شعبہ تیزی سے ڈیجیٹل اور ریموٹ ورک کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس پروگرام کے ذریعے نوجوان انجینئرز کو عالمی مارکیٹ میں نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شرکاء کی صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی کیریئر اسیسمنٹ بھی کی جائے گی جبکہ اس اقدام سے انجینئرنگ خدمات کی برآمدات میں اضافہ اور ملک کیلئے زرمبادلہ حاصل ہونے کی توقع ہے۔
فیڈرل بورڈ کا بڑا فیصلہ، 4 ممالک میں میٹرک امتحانات ملتوی کر دیے
پروگرام کے تحت انجینئرز کو اپریل کے تیسرے ہفتے میں آن لائن کورس کروایا جائے گا اور پاکستان انجینئرنگ کونسل میں رجسٹرڈ انجینئرز اس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، حکام کے مطابق یہ اقدام پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل معیشت کا مؤثر حصہ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
