ایرانی فوج نے کہا ہے کہ امریکا اپنی ناکامی کو معاہدے کا نام نہ دے۔
ایرانی فوج نے امریکی صدر کی جانب سے مذاکرات کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے سخت ردعمل دیا ہے۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ موجودہ حالات میں امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات ممکن نہیں۔
خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹرز کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کے اندرونی تنازعات اس حد تک بڑھ چکے ہیں کہ وہ خود سے ہی مذاکرات کرنے لگا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اپنی ناکامی کو کسی معاہدے کا نام دینے کی کوشش نہ کرے۔
ایرانی فوجی ترجمان کے مطابق عالمی نظام اور تیل کی پرانی قیمتوں کی بحالی ایران کی مرضی کے بغیر ممکن نہیں، جس سے خطے میں ایران کے اثر و رسوخ کو اجاگر کیا گیا۔
بیان میں امریکی قیادت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا گیا کہ ہمارے جیسے لوگ کبھی آپ جیسے لوگوں کے ساتھ نہیں رہیں گے جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی عکاسی کرتا ہے۔
امریکا نے ایران کو جنگ ختم کرنے کیلئے 15 نکاتی منصوبہ بھیج دیا، نیو یارک ٹائمز
تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان تعلقات مزید کشیدہ ہو سکتے ہیں، جس کے اثرات پورے مشرقِ وسطیٰ پر پڑنے کا خدشہ ہے۔
