بہاولپور کے نواحی علاقے آدم واہن کے قریب تیزگام ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی جہاں ٹرین کی چار بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں،حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیزگام ٹرین پشاور سے کراچی جارہی تھی۔ حادثے کے نتیجے میں متعدد مسافر بوگیوں میں پھنس گئے جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں بھرپور کوششوں میں مصروف ہیں۔
لاہور: ٹرین حادثہ، ریلوے نے 3 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی ٹیمیں، ایمبولینسز اور بھاری مشینری پہنچا دی گئی ہے، جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بعض مسافروں کو معمولی جبکہ کچھ کو شدید نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔
حادثے کے بعد ریلوے حکام نے اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کردی ہے تاکہ امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہ آئے اور متاثرہ بوگیوں کو ہٹانے کا عمل مکمل کیا جاسکے۔
مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ چکے ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے تاکہ امدادی کاموں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
ایک ہی دن میں دو حادثات؛ کراچی سے راولپنڈی جانے والی ٹرین پٹری سے اتر گئی
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، تاہم ابتدائی طور پر پٹڑی کی خرابی یا فنی خرابی کو ممکنہ سبب قرار دیا جارہا ہے۔حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل ہونے اور ٹریک کی بحالی کے بعد ٹرین سروس کو مرحلہ وار بحال کیا جائے گا۔
ریسکیو:
ریسکیو کے مطابق ٹرین حادثہ میں زخمیوں کی تعداد 25 ہوگئی، 17 افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی،8 زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا،ایک زخمی کی حالت تشویش ناک جبکہ 7 کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
