صوبہ پنجاب میں اسکولوں کی چھٹیوں میں توسیع سے متعلق پھیلنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے واضح کیا ہے کہ اس حوالہ سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے شہریوں، والدین اور طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی خبروں پر کان نہ دھریں۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے کسی بھی قسم کی چھٹیوں میں توسیع کا اعلان صرف سرکاری ذرائع کے ذریعے کیا جاتا ہے، لہٰذا عوام کو چاہیے کہ وہ مستند پلیٹ فارمز اور سرکاری بیانات پر ہی اعتماد کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غلط معلومات پھیلانا نہ صرف عوام میں بے چینی پیدا کرتا ہے بلکہ تعلیمی نظام کو بھی متاثر کرتا ہے۔
رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور طلبہ و اساتذہ کے مفاد میں فیصلے کیے جائیں گے۔ اگر کسی بھی قسم کی تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم کے تسلسل کو برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
بلوچستان کے تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں 31 مارچ تک توسیع
افواہوں کے باعث طلبہ اور والدین میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو رہی ہے جسے روکنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گزشتہ چند روز سے اسکولوں کی چھٹیوں میں ممکنہ توسیع کے حوالے سے مختلف خبریں گردش کر رہی تھیں، تاہم صوبائی حکومت نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے عوام سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
