صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو مختلف فوجی اعزازات دینے کی منظوری دے دی ہے۔
اس بات کا اعلان پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مجموعی طور پر 23 ہلالِ امتیاز (ملٹری)، 100 ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور 136 تمغۂ امتیاز (ملٹری) دینے کی منظوری دی گئی ہے، جو نمایاں خدمات انجام دینے والے افسران کو دیے جائیں گے۔
اسی طرح بہادری اور جرات کے اعتراف میں 11 ستارۂ بسالت اور 475 تمغۂ بسالت دینے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ 130 امتیازی اسناد بھی جاری کی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے 378 چیف آف آرمی اسٹاف تعریفی اسناد دینے کی بھی منظوری دی ہے، جو مختلف شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے افسران اور جوانوں کو دی جائیں گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ اعزازات پاک فوج کے ان اہلکاروں کو دیے جا رہے ہیں جنہوں نے ملک کی خدمت، پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا عملی مظاہرہ کیا۔
