بھارت میں کرکٹ کھیل کے دوران ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں نوجوان کھلاڑی دل کا دورہ پڑنے سے جان کی بازی ہار گیا۔
بھارتی ریاست اترپردیش کے علاقے حافظ تھانہ گنج میں 22 سالہ نوجوان ثاقب اپنے دوستوں کے ساتھ کرکٹ میچ کھیل رہا تھا کہ اچانک اس کی طبیعت خراب ہو گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کھیل کے دوران اسے سانس لینے میں دشواری محسوس ہوئی اور چند ہی لمحوں میں وہ گر کر بے ہوش ہو گیا۔
ساتھی کھلاڑیوں نے فوری طور پر اسے قریبی اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق ثاقب بی ایڈ کا طالبعلم تھا اور عید کی تعطیلات کے سلسلے میں گھر آیا ہوا تھا۔ اس کی اچانک موت کی خبر سن کر اہل خانہ اور دوست گہرے صدمے میں مبتلا ہیں۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ثاقب نہایت خوش اخلاق اور ملنسار نوجوان تھا، جسے بچپن سے ہی کرکٹ کھیلنے کا شوق تھا اور وہ مقامی سطح پر ہونے والے ٹورنامنٹس میں باقاعدگی سے حصہ لیتا تھا۔
