یوم پاکستان کے موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔
آصف علی زرداری نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اتحاد اور یکجہتی قومی عزم کو حقیقت میں بدلنے کے لیے سب سے اہم عناصر ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو برصغیر کے مسلمانوں نے قراردادِ پاکستان منظور کی، جو قیامِ پاکستان کی بنیاد بنی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بزرگوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔
یومِ پاکستان پر مسلح افواج کا قوم کے نام پیغام، یکجہتی اور سلامتی کے عزم کا اعادہ
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت کو ناقابلِ تسخیر بنایا اور جوہری صلاحیت حاصل کی، جبکہ دہشت گردی کے خلاف ایک طویل اور کامیاب غیر روایتی جنگ بھی لڑی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مئی میں دشمن کو ایسا سبق سکھایا گیا جو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا، تاہم آج بھی ملک کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔
صدر مملکت کے مطابق بنیان المرصوص کی طرح آپریشن غضب للحق نے بھی مطلوبہ نتائج حاصل کیے، اور پاکستان اپنی سرزمین کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں دے گا۔
دوسری جانب شہباز شریف نے یوم پاکستان کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ جنوبی ایشیا کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزادی کی یہ نعمت ہمارے اسلاف کے تدبر، عزم، استقامت اور قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، اور پاکستان کو قائد کے تصورات کے مطابق ڈھالنے کے لیے اجتماعی لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود حکومت نے معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا، افراطِ زر میں کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور مثبت اقتصادی اشاریے درست سمت کی نشاندہی کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے مسلح افواج کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی آزادی اور خودمختاری کا دفاع کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق اور آپریشن بنیانِ المرصوص میں افواجِ پاکستان نے عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا اور ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سرحدوں پر طالبان کی بلااشتعال کارروائیوں کا مؤثر جواب آپریشن غضبِ للحق کے ذریعے دیا گیا، جو دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے وابستہ ہے، اور پاکستان مظلوم کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتکاری کا محور علاقائی استحکام، مکالمہ اور باہمی احترام ہے، اور پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ مذاکرات ہی پائیدار امن کا واحد راستہ ہیں۔
انہوں نے مغربی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے حل کے لیے سفارت کاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسائل کا پائیدار حل مذاکرات اور بات چیت میں ہی ہے۔
