چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یومِ پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی قوم کو مبارک باد پیش کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایئر چیف، نیول چیف اور مسلح افواج نے بھی قوم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ یوم پاکستان 23 مارچ 1940 وہ تاریخی دن ہے جس نے قیامِ پاکستان کی بنیاد رکھی۔ یہ دن ایمان، امید اور استقامت کے ساتھ قوم کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان جمہوریت کے سائے تلے ترقی کی راہ پر گامزن ہے جبکہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف قومی یکجہتی برقرار ہے۔
مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سرحدوں کے دفاع اور ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہیں۔ مزید کہا گیا کہ عالمی برادری میں پاکستان ایک ذمہ دار اور اصولی کردار ادا کر رہا ہے اور امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی بہادر مسلح افواج، عوام اور ریاستی ادارے ایک صفحے پر متحد ہیں اور ملک کی ترقی و سلامتی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
