پی ایس ایل 11 بغیر شائقین کے کرانے کا فیصلہ، افتتاحی تقریب بھی منسوخ کر دی گئی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کے انعقاد سے متعلق کئی دنوں سے مشاورت جاری تھی، جس کے بعد اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر تمام میچز بغیر شائقین کے کھیلے جائیں گے اور اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کی افتتاحی تقریب بھی منسوخ کر دی گئی ہے جبکہ ٹورنامنٹ کے میچز صرف لاہور اور کراچی میں منعقد ہوں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم نہیں موجودہ پیٹرول بحران یا جنگی صورتحال کتنی دیر تک جاری رہے گی، اس لیے وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے کھلاڑیوں کی آمد و رفت کو محدود کیا جا رہا ہے اور نیا شیڈول بھی جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شائقین کی عدم موجودگی کے باعث فرنچائزز کو ہونے والے مالی نقصان کو پی سی بی پورا کرے گا، جبکہ گیٹ منی پاکستان اسپورٹس بورڈ ادا کرے گا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ جن افراد نے ٹکٹس خریدے ہیں وہ 72 گھنٹوں کے اندر اپنی رقم واپس حاصل کر سکتے ہیں۔
جانسن چارلس کی جگہ ریزا ہینڈرکس کراچی کنگز کا حصہ بن گئے
انہوں نے کہا کہ ملتان اسٹیڈیم میں اس سال میچز نہیں ہوں گے اور پشاور کے شائقین سے معذرت خواہ ہیں، تاہم آئندہ ایڈیشن میں وہاں زیادہ میچز رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔
محسن نقوی کے مطابق بین الاقوامی کھلاڑی آج رات سے پاکستان پہنچنا شروع ہو جائیں گے جبکہ لیگ چھوڑنے والے کھلاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔
