وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کا دن ہمیں صبر، تقویٰ اور ایثار کی یاد دلاتا ہے جو ماہِ رمضان نے ہمیں سکھائے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید ہمیں اپنے اردگرد موجود ضرورت مندوں کو یاد رکھنے اور ان کی مدد کرنے کا درس دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن بحیثیت قوم ہم شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جن کی بدولت ملک میں امن قائم ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہداء اور ان کے خاندانوں کی لازوال قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، جبکہ سرحدوں کی حفاظت کرنے والے وطن کے محافظوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جانا چاہیے۔
عیدالفطر کے موقع پر وزیراعظم و صدر کے خصوصی پیغام
انہوں نے مزید کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو جس قدر اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کی ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنی دعاؤں میں ان مسلمانوں کو ضرور یاد رکھیں جو دنیا بھر میں مشکلات اور آزمائشوں کا شکار ہیں۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مظلوموں کی مدد فرمائے اور امت مسلمہ کو اتحاد اور استقامت عطا کرے۔
