مری میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے مسلسل بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہو گئے ہیں۔
ڈی پی او مری ڈاکٹر رضا تنویر کے مطابق شدید موسمی حالات کے باعث سڑکیں انتہائی پھسلن کا شکار ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شدید دھند کے باعث شاہراہوں پر حدِ نگاہ نہایت کم ہو گئی ہے، جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 72 گھنٹوں تک موسم خراب رہنے کی پیشگوئی بھی کی ہے۔
ڈی پی او کے مطابق اگر موسم کی شدت برقرار رہی اور حدِ نگاہ مزید کم ہوئی تو مری میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے سیاحوں اور شہریوں کو مری کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔
ملک کے مختلف علاقوں میں تین دن تک بارشیں ہونے کی پیشگوئی
مزید کہا گیا کہ جو سیاح پہلے سے مری میں موجود ہیں وہ ہوٹلوں تک محدود رہیں اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انتظامیہ کے مطابق شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں۔
