ملک میں آٹا اور چینی سمیت 18 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
18 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ واربنیادوں پر 0.21 فیصد اورسالانہ بنیادوں پر 7.04 فیصد کا اضافہ ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حساس اشاریہ 342.13 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ ہفتے 341.42 پوائنٹس اور ایک سال قبل اسی عرصے میں 319.62 پوائنٹس تھا۔ ہفتہ وار بنیادوں پر 18 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 9 میں کمی جبکہ 24 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
مہنگی ہونے والی اشیاء میں لہسن (4.76 فیصد مہنگا)، ایل پی جی (2.67 فیصد)، پیاز (2.52 فیصد)، دال مسور (1.34 فیصد)، آٹا (1.05 فیصد)، چینی (0.76 فیصد)، گڑ (0.65 فیصد)، کیلا (0.42 فیصد) اور دال چنا (0.11 فیصد مہنگا) شامل ہیں۔
دوسری جانب ٹماٹر کی قیمت میں نمایاں 24.85 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ چکن، بریڈ، انرجی سیور، سرسوں کا تیل، سگریٹ، آلو، انڈے اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھنے میں آئی۔
سونے کی قیمت میں تاریخ کی دوسری سب سے بڑی کمی
رپورٹ کے مطابق یہ اشاریہ ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں کی بنیاد پر مرتب کیا جاتا ہے، جو عوامی سطح پر مہنگائی کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
