وزیراعظم شہبازشریف نے عوام سے پیٹرول اورڈیزل کی بچت کے اقدامات کو اپنانے کی اپیل کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر کفایت شعاری کے اقدامات پر اجلاس منعقدہ ہوا،وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، اعظم نذیر تارڑ،علی پرویز ملک، عطا تارڑ ، مصدق ملک ، شزا فاطمہ اور دیگر نے شرکت کی،چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیراور لیفٹننٹ جنرل عاصم ملک بھی شریک ہوئے۔
وزیر خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی مکمل دستیابی کی یقین دہانی کرا دی
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کو ملکی موجودہ ذخائر، کھپت اور کارگوز پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے،بروقت عملی اقدامات سے ایندھن کے ذخائر کے حوالے سے انتظامات کیے جا سکے۔
مشرق وسطیٰ اور خطے کی غیر مستحکم صورتحال کی وجہ سے ایندھن کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے ،صورتحال سے نمٹنے کیلئے آئندہ دنوں میں بچت کے مزید اقدامات اٹھانے ہونگے۔اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پرعملدرآمد کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صوبوں کے ساتھ ملکر جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے،بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانے کے نتیجے میں عوام کو ریلیف مہیا کرنا ممکن ہوا۔اشرافیہ ایثار اور قربانی کے جذبے کو اپناتے ہوئے بچت اور کفایت شعاری قائم کرے۔
بعدازاں اجلاس کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنا ہو گا اور بدلتے حالات کے مطابق طرز عمل اپنانا ہو گا،پیٹرول بچانے کیلئے کار پولنگ اپنائی جائے، نقل و حرکت اجتماعی طور پر کی جائے۔
غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے اور تیل بچانے کیلئے آمد ورفت کو محدود رکھا جائے، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کیلئے تیار رہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام صورتحال کی نگرانی کی جارہی ہے، اور پیٹرولیم مصنوعات کا ریکارڈ رکھا جارہا ہے،تاکہ کسی قسم کی بے قاعدگی کی فوری نشاندہی ہوسکے اور سد باب کیلئے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔
