ملک میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا ، عید الفطر ہفتہ کو ہوگی، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کردیا۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے کسی بھی جگہ سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، ملک بھر میں عید الفطر 21 مارچ بروز ہفتہ کو ہو گی، ملک بھر میں کل 30واں روزہ ہوگا۔
دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ پوری امت مسلمہ کو اسرائیل سے نجات عطا فرمائے، پاکستان دنیا بھر کی امت مسلمہ کا قلعہ ہے، دنیا بھر میں پاکستان کی صلاحیتوں کو مانا جاتا ہے، آج دنیا بھر کی مسلم امہ میں وحدت اور اتحاد کی ضرورت ہے۔
پنجاب:
ڈی جی اوقاف پنجاب شاہد حسن کلیانی نے زونل کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ لاہور سمیت پورے پنجاب سے چاند دیکھنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
بلوچستان:
چیئرمین زونل رویت ہلال کمیٹی بلوچستان مولانا انوار الحق حقانی نے اعلان کیا ہے کہ بلوچستان سے کہیں سے چاند نظر نہیں آیا ،چاند اگر ہوتا تو صورتحال ایسی تھی کہ نظر آسکتا تھا، کہیں سے چاند دیکھنے کی کوئی معتبر روایت یا ثبوت نہیں ملا۔
سندھ:
کراچی سمیت سندھ میں کہیں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا ، زونل رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ حافظ محمد سلفی نے اعلان کردیا۔
خیبرپختونخوا:
ممبر زونل کمیٹی کے مطابق زونل رویت ہلال کمیٹی کو اب تک 6 شہادتیں موصول ہوئیں ،ایک گواہ کمیٹی کے پاس خود چل کر آیا،5 شہادتیں فون پر موصول ہوئیں ،زونل کمیٹی کی جانب سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو شہادتوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
جمعہ کو کہاں کہاں عید الفطر منائی جائیگی؟
سعودی عرب ،ترکیہ،قطر،متحدہ عرب امارات ،آسٹریلیا میں عید الفطر کل بروز جمعہ کو منائی جائے گی۔
ہفتہ کو کہاں کہاں عید الفطر منائی جائیگی؟
سنگاپور،ملائیشیا ،انڈونیشیا،بنگلا دیش، سری لنکا ،عمان اوربھارت میں عید الفطر21 مارچ بروز ہفتہ کو ہو گی۔
