بھارتی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کا ورلڈ ٹور “سائنڈ ٹو گاڈ” 2026 میں متعارف کروایا جا رہا ہے، جس میں وہ اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈیجیٹل اوتار کی صورت میں پرفارم کریں گے۔
گلوکار کی ٹیم کے مطابق یہ ٹور دنیا کے مختلف ممالک میں منعقد ہوگا جن میں امریکا، کینیڈا، متحدہ عرب امارات، بھارت، برطانیہ، آسٹریلیا اور پاکستان شامل ہیں۔
پاکستان میں بھی ٹور کے اعلان نے مداحوں میں خاصا جوش پیدا کر دیا ہے، کیونکہ سدھو موسے والا کو اپنی زندگی میں یہاں بے حد مقبولیت حاصل تھی۔
سدھو موسے والا، جن کا اصل نام شُبھ دیپ سنگھ سدھو تھا، 29 مئی 2022 کو بھارتی پنجاب کے ضلع مانسا میں فائرنگ کے واقعے میں قتل کر دیے گئے تھے۔
وہ اپنے دور کے بااثر ترین پنجابی فنکاروں میں شمار ہوتے تھے اور انہوں نے “سو ہائی”، “اسا جٹ” اور “دو سو پچانوے” جیسے گانوں سے شہرت حاصل کی۔
ان کا پہلا البم “پی بی ایکس ون” کینیڈا کے البمز چارٹ میں سرفہرست رہا، جو کسی پنجابی فنکار کیلئے ایک بڑی کامیابی تھی۔
ان کی وفات کے بعد بھی متعدد گانے جاری کیے گئے جنہیں عالمی سطح پر کروڑوں بار سنا گیا، جس سے وہ دنیا کے مقبول ترین پنجابی گلوکاروں میں شامل رہے۔
