اسلام آباد کے ایک شہری نے عیدالفطر کے چاند کے اعلان سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک منفرد درخواست دائر کر دی ہے جس میں رؤیت ہلال کمیٹی کو ہدایت دینے کی استدعا کی گئی ہے کہ چاند نظر آتے ہی فوری طور پر اس کا اعلان کیا جائے۔
درخواست گزار عبد اللہ شفیق جان نے ذاتی حیثیت میں عدالت سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اکثر چاند نظر آنے کے باوجود اعلان میں غیر ضروری تاخیرکی جاتی ہے جس کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اعلان میں تاخیر کے سبب کئی لوگ تراویح کی نماز ادا کر لیتے ہیں جبکہ بعد میں اچانک عید کا اعلان ہونے سے شہریوں میں بے یقینی کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔
شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان شہادت پر ہو گا،چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی
درخواست گزار نے مزید کہا کہ رات گئے چاند کا اعلان ہونے کے بعد مارکیٹوں میں اچانک رش بڑھ جاتا ہے جس سے ٹریفک اور امن و امان کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے عدالت انتظامیہ کو ضروری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کرے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عید شاپنگ سے متعلق دکانوں کے علاوہ دیگر مارکیٹیں بند رکھنے کا حکم دیا جائے اور رویت ہلال کمیٹی کو پابند کیا جائے کہ چاند دیکھنے کے بعد بلا تاخیر باضابطہ اعلان کیا جائے تاکہ شہریوں کو پیشگی تیاری کا مناسب وقت مل سکے۔
