اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ایران کی سمت سے آنے والا بارش برسانے والا نیا موسمی سسٹم کل پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایران سے پاکستان میں داخل ہونے والے اس سسٹم کے تحت بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ جبکہ یہ سلسلہ تین روز تک بوندا باندی، تیز ہواؤں اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا سبب بن سکتا ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ مغرب سے آنے والی ہواؤں کے ساتھ ایران سے آلودہ ذرات بھی پاکستان کے مغربی علاقوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ جس سے فضائی معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات نے پاکستان میں کالی بارش کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف آلودگی کے ذرات کی موجودگی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایران میں جاری جنگ اور تیل و صنعتی تنصیبات پر حملوں کے باعث فضا میں دھواں، کیمیکل ذرات اور آلودہ گیسیں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ جو ہواؤں کے ذریعے سرحد پار علاقوں تک منتقل ہو سکتی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے پیش نظر مختلف ریجنل دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے نمونے جمع کر کے ان کا تجزیہ کیا جائے۔ تاکہ کسی ممکنہ آلودگی کا بروقت پتا چلایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کو مزید ریلیف دینے کے اقدامات پر مشاورت جاری ہے، وزیر اعظم
ماہرین کے مطابق ایران سے آنے والی فضائی آلودگی کا زیادہ اثر بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے علاقوں میں محسوس کیا جا سکتا ہے۔
