اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی حالات کے پیش نظر عوام کو مزید ریلیف دینے کے اقدامات پر بھی مشاورت جاری ہے۔ بدلتی عالمی صورتحال کے باوجود عوام کو تیل کی مسلسل فراہمی ممکن بنائی گئی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت عالمی سطح پر بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر ملکی معیشت کے استحکام اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کے بروقت فیصلوں کی بدولت اس وقت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار موجود ہے۔ اور بدلتی عالمی صورتحال کے باوجود عوام کو تیل کی مسلسل فراہمی ممکن بنائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی حالات کے پیش نظر عوام کو مزید ریلیف دینے کے اقدامات پر بھی مشاورت جاری ہے۔ جبکہ قومی سطح پر کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات نافذ کیے جا چکے ہیں اور مزید اقدامات پر کام جاری ہے۔
شہباز شریف کفایت شعاری سے متعلق تمام فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی ہدایت بھی پہلے ہی جاری کر رکھی ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں تیل کے ذخائر، درآمدات اور طلب پوری کرنے کے انتظامات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ جبکہ حکومت تیل کی مقررہ قیمت پر فروخت کی نگرانی بھی کر رہی ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ صارفین کی سہولت کے لیے پاک ایپ میں ایک نیا فیچر شامل کر دیا گیا ہے۔ جس کے ذریعے شہری ملک میں کہیں بھی تیل کی عدم دستیابی یا مہنگے داموں فروخت کی شکایت متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں گے۔ جس پر فوری کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں کرفیو نافذ
اجلاس کے شرکاء نے گزشتہ جمعہ کو وزیر اعظم کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ کرنے کے فیصلے کو بھی سراہا۔
