بھارتی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے کپتان شبمن نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کا سب سے بڑا ہدف آئندہ ان ڈے ورلڈ کپ جیتنا ہے، خاص طور پر اس لیے کہ 2023 کے فائنل میں شکست کے بعد ٹیم اس مقصد کے مزید قریب محسوس کر رہی ہے۔
2023 کے ورلڈ کپ میں بھارت ناقابلِ شکست کارکردگی کے ساتھ فائنل تک پہنچا تھا تاہم فیصلہ کن مقابلے میں اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں احمد آباد میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس کے بعد بھارتی ٹیم نے لگاتار دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتے، تاہم شبمن گل کی نظریں اب 50 اوورز کے سب سے بڑے اعزاز پر ہیں۔ آئندہ عالمی کپ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں اکتوبر اور نومبر 2027 میں کھیلا جائے گا۔
شبمن گل کا کہنا تھا کہ گزشتہ ورلڈ کپ میں ٹیم جیت کے بہت قریب پہنچ گئی تھی اور اب جنوبی افریقہ میں ایک اور موقع ملنا بڑی خوش قسمتی ہو گی۔ ان کے مطابق کسی بھی فارمیٹ میں ورلڈ کپ جیتنا ہر کھلاڑی کا سب سے بڑا خواب ہوتا ہے۔
دوسری جانب بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی کامیابی نے بھارتی کرکٹ میں کامیابیوں کا نیا سلسلہ شروع کیا۔ ان کے مطابق اس کامیابی نے کھلاڑیوں کو یہ احساس دلایا کہ عالمی اعزاز جیتنے کے لیے کس سطح کی محنت درکار ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ٹیم کی کوشش ہو گی کہ آئندہ برسوں میں زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل ٹرافیاں اپنے نام کی جائیں۔
