کراچی: گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ وہ گورنر ہاؤس کا آڈٹ کروائیں گے۔ اور یہاں ہونے والے تمام اخراجات عوام کے سامنے رکھیں گے۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ کوئی غلط کام کریں تو عوام اور میڈیا کھل کر تنقید کریں۔ جس مقام پر وہ آج بیٹھے ہیں وہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی قربانیوں کا نتیجہ ہے اور ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر شہری کی نمائندگی کریں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اور کراچی کے بارے میں منفی بات نہیں کی جانی چاہیے۔ بلکہ شہر اور صوبے کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ہمیشہ تعمیری سوچ دیتے ہیں اور وہ پاکستان کے لیے جیل جا سکتے ہیں لیکن ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔
نہال ہاشمی نے کہا کہ سندھ میں کسی کارروائی یا کراچی میں امن کے قیام کی بات ہو تو سب سے پہلے نواز شریف ہی آگے آتے ہیں۔ شہباز شریف کا طرز حکمرانی کام، کام اور صرف کام پر مبنی ہے اور اسی وجہ سے ان کا شمار دنیا کے بڑے رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کو بھی کراچی میں لایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس سب کا گھر ہے اور وہ یہاں صرف ایک نگراں کی حیثیت رکھتے ہیں۔ گورنر ہاؤس کی موجودہ حالت سب کے سامنے ہے تاہم اسے دوبارہ آباد کیا جائے گا۔ یہاں کی کرسیوں اور دیگر سامان کی حالت بھی بہتر بنائی جائے گی اور تمام امور شفاف طریقے سے انجام دیئے جائیں گے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں مستحق افراد کے لیے سحری اور افطار کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ اور کل سے ضرورت مند افراد یہاں آکر سحری و افطار کر سکیں گے۔ طلبا کے لیے وہی اقدامات متعارف کروائے جائیں گے جو نواز شریف نے کیے تھے اور تعلیم کے معاملے میں کسی قسم کا پروپیگنڈا نہیں کیا جائے گا۔ اگر 6 ماہ کا کورس ہو گا تو 6 ماہ میں ہی ڈگری دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان ہو گیا
انہوں نے کہا کہ وہ خود کو پہلے ایک سیاسی کارکن سمجھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ انہیں سیاسی کارکن ہی رہنے دیا جائے۔ سندھ اور کراچی قائم و دائم رہیں گے اور ترقی کا کارواں آگے بڑھتا رہے گا۔
