ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔ خطے میں جنگ پھیلنے کا خطرہ ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے اپنے ایک بیان میں خبردار کیا کہ موجودہ تنازع پورے خطے میں پھیلنے کا خطرہ ہے۔ اور اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل خطے کو ایک نئے عدم استحکام کی طرف دھکیل رہا ہے۔ جنگ کا جلد از جلد خاتمہ ہونا چاہیے کیونکہ ترکیہ کو اس کے پھیلاؤ پر شدید تشویش ہے۔
حاقان فیدان نے کہا کہ انقرہ ایرانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔ مسجد اقصیٰ کو نمازیوں کے لیے مسلسل بند رکھنا اسرائیل کا خطرناک اقدام ہے اور اس سے خطے میں نئی بے چینی پیدا ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی کوریا نے جاپان کی طرف میزائل فائر کر دیئے، جاپانی وزیر اعظم کا دعویٰ
انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیتن یاہو حزب اللہ کے بہانے ایک نئی نسل کشی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ جس سے مشرق وسطیٰ میں مزید عدم استحکام پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
