پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں چین دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کے لیے متحرک ہو گیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے افغان ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے خطے کی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال کیا۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق چین کے افغان امور کے خصوصی ایلچی بھی اس سلسلے میں سرگرم ہیں اور پاکستان اورافغانستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لئے سفارتی رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پاک فوج کا آپریشن غضب للحق جاری، قندھار ائیر فیلڈ آئل اسٹوریج سائٹس تباہ
ترجمان نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں گے اور کسی بھی قسم کی کشیدگی سے گریز کریں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ جلد از جلد دو طرفہ مذاکرات کا آغاز کریں تاکہ اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کیا جا سکے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کو فوری جنگ بندی کی طرف بڑھنا چاہیے اور مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔
چین نے واضح کیا کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں اپنا فعال کردار جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
