اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ڈیجیٹل شناختی کارڈ قبول نہ کرنے والے اداروں کو خبردار کر دیا۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ فزیکل شناختی کارڈ کے مساوی حیثیت رکھتا ہے۔ تاہم بعض سرکاری دفاتر اور دیگر ادارے ڈیجیٹل کارڈ کے بجائے فزیکل کارڈ یا اس کی فوٹو کاپی طلب کر رہے ہیں۔ جو مروجہ قانونی اور ضابطہ جاتی فریم ورک کے منافی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق نادرا آرڈیننس کے تحت ڈیجیٹل شناختی ضوابط تشکیل دیئے گئے ہیں۔ جبکہ ریگولیشن 9 اور 10 ڈیجیٹل شناختی اسناد کو مکمل قانونی حیثیت دیتے ہیں۔ ان ضوابط کے مطابق ڈیجیٹل شناختی اسناد کو شناخت کا درست اور قابل قبول ثبوت قرار دیا گیا۔
نادرا کے مطابق شناختی کارڈ کی غیر ضروری فوٹو کاپیوں کی ضرورت کم کرنے کے لیے ڈیجیٹل شناختی کارڈ متعارف کرایا گیا ہے۔ جس سے شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بنانے اور شناختی معلومات کے غلط استعمال کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔
اتھارٹی نے تمام سرکاری محکموں، عوامی و مالیاتی اداروں اور ٹیلی کام آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان احکامات کی پابندی یقینی بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کی سہولت کیلئے پاسپورٹ آفس 5 دن کھلے رکھنے کا فیصلہ
نادرا کے مطابق اگر کسی شہری کو ڈیجیٹل شناختی کارڈ قبول نہ کرنے کا سامنا ہو تو وہ نادرا کے سرکاری شکایتی نظام کے ذریعے اپنی شکایت درج کرا سکتا ہے۔
