وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں توانائی کے شعبے کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس کے دوران ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر، درآمدی انتظامات اورسپلائی چین کے نظام پربریفنگ دی گئی۔
حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ خام تیل کی دستیابی، جاری درآمدی معاہدوں اورترسیل کے انتظامات کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ ملک میں ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
تیل کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش ہیں اور سپلائی چین مؤثر انداز میں کام کر رہی ہے۔
حکام کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں ایندھن کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے اور صورتحال پر روزانہ کی بنیاد پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بدلتی علاقائی صورتحال کے باوجود توانائی کے شعبے میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
